اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے شہر کراچی میں دہشت گردوں کے حملے میں ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی شاہ فیصل کالونی میں فائرنگ کے نتیجے میں محافظ سمیت جاں بحق ہوگئے ہیں۔۔ اطلاعات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں فائرنگ سے ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی اور ان کا محافظ شعیب جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی شاہ فیصل کالونی میں ایک ہوٹل پر بیٹھے تھے جہاں 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 دہشت گردوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ذوالفقار زیدی اور ان کا گن مین شعیب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی سندھ ہائی کورٹ کے سیکیورٹی انچارج اورشاہ فیصل کالونی کے رہائشی تھے۔ ڈی ایس پی کے قتل کے بعد آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو جائے وقوعہ پر پہنچے اور واقعہ سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے پولیس افسر کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعظم نوازشریف نے پولیس کا مورال بلند کرنے پر زور دیا ہے جب کہ سندھ حکومت کو سکیورٹی اقدامات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔سندھ ہائی کورٹ نے بھی ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ رجسٹرار ہائی کورٹ کے مطابق ذوالفقار زیدی سندھ ہائی کورٹ کے سکیورٹی انچارج تھے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس فیصل عرب نے آئی جی سندھ کو آج ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ شہر میں آج قاتلوں نے ایک ڈاکٹر کو بھی نشانہ بنایا جہاں پاپوش میں ہومیو ڈاکٹر علی عابدی کو کلینک میں گھس کر قتل کردیا گیا جب کہ گزشتہ دنوں ڈی ایس پی عبدالفتح سانگری کو بھی دہشت گردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق پاکستانی حکومت طالبان اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کررہی ہے۔ طالبان کو عدالتوں سے قرار واقعی سزا نہیں مل رہی جو پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ کا اصلی سبب ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169